ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عدالت نے سی بی آئی کا مستقل ڈائریکٹر مقرر نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کی

عدالت نے سی بی آئی کا مستقل ڈائریکٹر مقرر نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کی

Fri, 01 Feb 2019 21:42:08    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے جمعہ کو مرکز سے پوچھا کہ اس نے سی بی آئی کا مستقل ڈائریکٹر مقرر کیوں نہیں کیا۔ساتھ ہی عدالت نے تبصرہ کیا کہ وہ طویل عرصے تک ایجنسی کے لئے عبوری سربراہ کی تقرری کے خلاف ہے۔جسٹس ارون مشرا اور جسٹس نوین سنہا کی بنچ نے کہا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کا عہدہ قبول اور حکومت کو اب تک اس عہدے پر مستقل ڈائریکٹر کی تقرری کر دینی چاہئے تھی۔

اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے بنچ کو بتایا کہ سی بی آئی کے نئے ڈائریکٹر کے انتخاب کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اعلی اختیار والی کمیٹی جمعہ کو اجلاس کرے گی۔انہوں نے بنچ کو یہ بھی کہا کہ مرکز نے آئی پی ایس افسر ایم ناگیشور راؤ کو عبوری سی بی آئی ڈائریکٹر مقرر کرنے سے پہلے اعلی اختیار کمیٹی کی منظوری لی تھی۔کمیٹی کی جمعہ کو ملاقات کے بارے میں اٹارنی جنرل کے بیان کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت چھ فروری تک ملتوی کر دی۔بنچ ناگیشور راؤ کو سی بی آئی کا عبوری ڈائریکٹر مقرر کرنے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی غیر سرکاری تنظیم عرضی پر سماعت کر رہی تھی۔اس معاملے کی سماعت کے دوران بنچ نے کہا کہ تفتیشی بیورو کے ڈائریکٹر کی تقرری کا عمل اب تک مکمل ہو جانا چاہیے تھاکیونکہ یہ پہلے سے ہی معلوم تھا کہ تفتیشی بیورو سربراہ جنوری میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔اٹارنی جنرل نے سیل بند لفافے میں اعلی اختیار والی کمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات پیش کی۔اس کمیٹی کی 24 جنوری کو اجلاس ہوا تھاجو نامکمل رہ گیاتھا۔غیر سرکاری تنظیم کے وکیل پرشانت بھوشن نے بنچ سے کہا کہ عدالت کو تفتیشی بیورو کے ڈائریکٹر کی تقرری کے عمل میں شفافیت کے پہلو پر غور کرنا چاہئے۔بنچ نے بھوشن سے کہاکہ آپ فوری طور پرتقرری چاہتے ہیں۔ہمیں یہیں رکنا ہوگا۔پہلے تقرری ہونے دیجیے۔اگر آپ کو کوئی شکایت ہو کہ عمل کی پیروی نہیں کی گئی اور اس میں شفافیت نہیں تھی تو آپ اسے بعد میں چیلنج کر سکتے ہیں۔تفتیشی بیورو کے عبوری ڈائریکٹر کے طور پر ناگیشور راؤ کی تقرری کو چیلنج کرنے والی اس عرضی پر سماعت سے تین جج پہلے ہی خود کو الگ کر چکے تھے۔اس کے بعد جسٹس مشرا اور جسٹس سنہا کی بنچ کا قیام عمل میں آیا تھا۔جسٹس این وی رمن نے جمعرات کو اس معاملے کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا تھا۔اس سے پہلے چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس اے کے سیکری نے بھی خود کو الگ کر لیا تھا۔


Share: